18 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:44
اوباڑو کی15سالہ بیمار لڑکی شہزادی نے سسک سسک کر جان دیدی
جنگ نیوز -
اوباڑو...اوباڑو میں علاج کی سکت نہ رکھنے پرگھر سے نکالی جانے والی لڑکی سسک سسک کر زندگی کی بازی ہار گئی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہزادی کے معاملہ پر کبھی کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ جبکہ شہریوں نے انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر توجہ نہ دینے کو افسوسناک قراردیا۔گھوٹکی کے شہر ڈہرکی میں زخموں سے چور جلد اور پیٹ کے ا مراض میں مبتلا 15سالہ شہزادی سموں کو باپ کے انتقال اور ماں کی دوسری شادی کے بعد اس کی زندگی کے آخری سہارے بھائیوں نے مارپیٹ کر گھر سے نکال دیاتھا ،شہزادی جامع مسجد اوباڑو کے قریب مارکیٹ میں گذشتہ تین ماہ سے چوکیدار کی بینچ پر زندگی گزار رہی تھی،اس کی بے بسی کی رپورٹ جیو نیوز نے تین جولائی کو نشر کی تھی،مگر حکومت، معاشرے ،ورثا کی بے حسی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی لاتعلقی کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج پندرہ سالہ معصوم شہزادی اسی چوکیدار کی بینچ پرجاں بحق ہو گئی،آج شہزادی ہم میں نہیں لیکن مین چوک اوباڑو پر پڑی اس کی لاش حکومت وقت ،معاشرے، انتظامیہ اورانسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اوباڑومحمد طاہر وٹو نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہزادی کے معاملہ پر کبھی کسی نے رابطہ نہیں کیا۔اگر رابطہ کیاجاتا تو وسائل موجود تھے کہ وہ یہ مسئلہ حل کر لیتے ۔دوسری جانب اوباڑوکے شہریوں،این جی اوز اور انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر توجہ نہ دینے کو افسوسناک قراردیا۔