18 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:12
اعتماد سازی کا فروغ ،پاک بھارت ورکنگ گروپ کے مذاکرات
جنگ نیوز -
نئی دہلی…نئی دہلی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کرنے اور اہم فیصلے کیلئے ورکنگ گروپ سطح کے مذاکرات جاری ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات میں سرحد پار تجارت اور آمدورفت کو مزید موثربنانے کے بارے میں اقدامات پر غور و غوض کیا جارہا ہے۔ مذاکرات میں کارگل اسکردو بس سروس کو شروع کرنے کے بارے میں بھی ممکنہ طور پر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا جائے گااور ویزاپالیسی میں نرمی کے حوالے سے بھی حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔ مذاکرات کے اس دور میں سرینگر مظفرآباد بس سروس کی آمدورفت کو بڑھانے کے بارے میں بھی اتفاق کیا جائے گا۔ بھارتی حکام کے مطابق نئی دہلی نے کنٹرول لائن کے دونوں طرف سفر کے خواہشمند افراد کو ایسے اجازت نامے فراہم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرلیا ہے جن کی مدت چھ ماہ کیلئے ہو۔ بھارتی رپورٹ کے مطابق کشمیر سے متعلق چند ایک اعتماد سازی اقدامات کا وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد اعلان کیا جائے گا۔اس کے علاوہ دونوں وفود ویزا پابندیوں میں نرمی برتنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے تاکہ عوام سے عوام کا رابطہ بڑھانے میں مدد ملے۔مذاکرات میں پاکستان کے چھ رکنی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیازہرا ایچ اکبری کررہی ہیں جبکہ بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری انچارج برائے پاکستان، افغانستان اور ایران وائی کے سنہا کررہے ہیں۔