18 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:12
مقتول صحافی سلیم شہزاد کی گاڑی سے ملنے والی 48اشیا کمیشن کے سپرد
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سلیم شہزاد کمیشن کو اٹھارہ میں سے آٹھ صحافیوں نے تحریری بیانات اور دو نے زبانی بیانات قلم بند کرادیئے ہیں جبکہ منڈی بہاوالدین پولیس نے سلیم شہزاد کی گاڑی سے ملنے والی48 اشیاکمیشن کوپیش کیں۔ سیکریٹری اطلاعات تیمور عظمت کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد بنیامین کے مطابق سلیم شہزاد قتل میں ملوث کسی شخص کی لیہ سے گرفتاری کی خبروں میں صداقت نہیں۔جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں سلیم شہزادکمیشن کااجلاس اسلام آبادمیں ہوا، جو6گھنٹے جاری رہا۔کمیشن کوسلیم شہزاد کے برادر نسبتی امیر حمزہ اور قریبی ساتھی محمد فیضان نے اپنے بیانات قلم بند کروائے، جبکہ ڈی پی او اور ڈی ایس پی منڈی بہاؤالدین سمیت پولیس اہلکاروں نے بھی بیان ریکارڈ کرائے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ سلیم شہزاد قتل کی پولیس اور کمیشن دونوں تحقیقات کر رہے ہیں۔ سلیم شہزاد کے ٹیلی فون کا کافی ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے شواہد حاصل کئے گئے ہیں جبکہ ای میل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔اس موقع پرپی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت نے کہاکہ کمیشن کو حمید ہارون، علی دیان، ابصار عالم، اور طلعت حسین سمیت دس صحافیوں نے اپنے تحریری بیانات نہیں بھیجے۔ کل اجلاس دوبجے ہوگا، جس میں حامدمیر،ظفرشیخ اورطاہرعلی کوبلایاگیاہے۔