تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:28

اسامہ کو آئی ایس آئی نے تحفظ نہیں دیا،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد

جنگ نیوز -
اسلام آباد...ایبٹ آباد واقعہ سے متعلق انکوائری کمیشن کے رکن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی نے اسامہ کو تحفظ فراہم نہیں کیا۔ فضائیہ سے بات ہوچکی ہے، اب آرمی اور آئی ایس آئی سے تحقیقات کی جائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے بھی بات کریں گے کہ کیا،کیسے اور کہاں ہوا۔ آسٹریلوی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کو شیلٹر فراہم کرنے والوں سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے فوج میں 40 سال ملازمت کی ہے کم سے کم پاک فوج میں ایسا نہیں ہوتا ، حکومت،پاک فوج اور آئی ایس آئی کے لوگ بہت ذمہ دار ہیں،وہ کوئی ایسا فضول کام نہیں کریں گے جس سے ان کا برا تاثر نظر آئے، قطع نظر اس کے کہ امریکا کیا کہہ رہا ہے، حکومت، فوج یا انٹیلی جنس ادارہ میں کوئی بھی ایسی احمقانہ حرکت نہیں کریگا۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکام سے کیے جانیوالے سوال تیار کیے جارہے ہیں اور دفترخارجہ کے ذریعے یہ سوال پوچھے جائیں گے۔ ان سے پوچھا گیا کہ اگر امریکی حکام نے تعاون نہ کیا تو ؟جس کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ وہ ریکارڈ پر لائیں گے کہ امریکا سے یہ سوال کیے اور امریکا نے جواب دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تفصیلات جاننے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے ان کے خیال میں ملک کے اندر بہت سی تفصیلات موجود ہیں،میڈیا میں خبریں ہیں کہ اسامہ کو کوئی دہشتگرد گروپ سپورٹ کررہے تھے۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ سی آئی اے کا ویکسین دینے والوں کے روپ میں کام کرنا اعتماد کو ٹھیس پہنچانا ہے، کوئی بھی انٹیلی جنس ادارہ معلومات کے حصول کے لیے این جی او کو استعمال نہیں کرتا، انٹیلی جنس ادارے کا یہ کام اخلاقی اور قانونی طور پر غلط ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.