19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:28
امریکا سے لیاگیا پی این ایس عالم گیر پاک بحریہ میں شامل
جنگ نیوز -
کراچی...پاک بحریہ نے امریکاسے لیاگیامیزائل فریگیٹ پی این ایس عالمگیرمیں شامل کرلیا جبکہ دو یوٹیلٹی ٹینکرز بھی بحری بیڑے میں شامل کرلئے گئے۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پی این ایس عالمگیر اور دو یوٹیلٹی پی این ایس رسدگار اور مددگار کے ساتھ ایک فریگیٹ بحری بیڑے میں شامل کرلئے گئے۔بحری بیڑے میں نئے جہازوں کے شامل ہونے کی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نعمان بشیرتھے۔ترجمان کے مطابق امریکا سے حاصل کردہ میزائل فریگیٹ عالمگیر کی شمولیت سے میری ٹائم سکیورٹی آپریشن میں بہتری آئے گی۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کئے جانیوالے پی این ایس رسدگار اور مددگار پاک بحریہ میں شامل ہونیوالے اپنی نوعیت کے پہلے جہاز ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نعمان بشیرکا کہنا تھا کہ ان جہازوں کی شمولیت سے ناصرف دفاعی قوت میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی شپ بلڈنگ کی صنعت میں بھی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہونگی یہ کرافٹس ساحلی پٹی پر واقع بیسز کو لاجسٹکس سپورٹ کی فراہمی میں بھی کارآمد ثابت ہوں گی۔