تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:56

انور سلیمپر قاتلانہ حملہ، الطاف حسین اوررابطہ کمیٹی کااظہار تشویش

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے انچارج انور سلیم کے مسلح دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انور سلیم پر قاتلانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے ۔ انہوں نے حق پرست ماؤں ، بہنوں ، بزرگوں اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ انور سلیم کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کریں ۔علاوہ ازیں الطا ف حسین نے ایم کیوایم کورنگی سیکٹر یونٹ 77کے کارکن عبد الوحید کے انتقال پر گہرے دکھ اورا فسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔(آمین)۔ادھر متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن انیس احمد ایڈووکیٹ کے ماموں انصار احمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں ر ابطہ کمیٹی نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ر ابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے۔ (آمین)۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سکرنڈ میں ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے انچارج انور سلیم پر قاتلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انور سلیم پر قاتلانہ حملے میں ملوث مسلح دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے انچارج انور سلیم پر قاتلانہ حملہ میں وہی عناصر ملوث ہیں جو سندھ میں امن ، محبت اور یکجہتی کی فضا کو پروان چڑھتا دیکھنا نہیں چاہتے ہیں اور سندھ کے مستقل باشندوں کو آپس میں دست و گریباں رکھنا چاہتے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے انور سلیم کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ،و فاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے انچارج انور سلیم پر سکرنڈ میں قاتلانہ حملے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو قرار واقعی سزادی جائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.