19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:18
پاکستانی پہلوانوں کی راہ میں فنڈز کی عدم دستیابی رکاوٹ بن گئی
جنگ نیوز -
کراچی …پاکستان ریسلنگ ٹیم کو کامن ویلتھ ریسلنگ چمپئن شپ میں شرکت کیلئے این او سی تو مل گیا ہے لیکن فنڈز کی عدم دستیابی پہلوانوں کے راستے میں رکاوٹ بن گئی ہے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن بڑی تگ دوکے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ سے سات پہلوانوں اور دوآفیشلز کے این او سی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ میلبورن میں کامن ویلتھ چمپئن شپ شروع ہونے میں دو ہفتے رہ گئے ہیں لیکن پاکستانی دستے کے سفری اخراجات پورے نہیں ہو رہے۔ فیڈریشن کے سیکریٹری چودھری اصغر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ آسٹریلوی سفارتخانہ انہیں جلد ویزے جاری کر دیگالیکن سب سے بڑا مسئلہ فنڈز کا ہے۔ حکومت کی جانب سے ابھی تک اس سلسلے میں معاونت نہیں کی گئی۔ دستے کو آسٹریلیا بھجوانا اکیلے فیڈریشن کے بس کی بات نہیں ہے۔