21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:32
سیالکوٹ کے رہائشی6نوجوان ترک سرحد پر کنٹینرز میں دم گھٹنے سے ہلاک
جنگ نیوز -
سیالکوٹ. . . . .. . غیر قانونی طور پر یونان جانے والے سیالکوٹ کے رہائشی چھ نوجوان ترک سرحد کے قریب کنٹینر میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے تین افراد لقمان یوسف،بلال احمد اور ذیقعد احمد سمیت 6 افراد ایک ماہ قبل یونان جانے کے لئے روانہ ہوئے تھے جس کے لئے ایجنٹ نے ان افراد سے چار چار لاکھ روپے وصول کئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ان افراد کو ایرانی سرحد سے غیر قانونی طور پر ایک کنٹینر میں یونان روانہ کیا گیا تاہم یونان جاتے ہوئے ترکی کی سرحد پر سخت سیکیورٹی کی وجہ سے ایجنٹ اپنا چھوٹا کنٹینر چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کی وجہ سے تمام نوجوان کنٹینر میں ہی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ترک اہلکاروں نے کنٹینر میں موجود دستاویزات اور پاسپورٹس کی مدد سے مرنے والوں کی شناخت کی اور پاکستانی حکام کو مطلع کیا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈسکہ کے لقمان یوسف،بلال احمد ،ذیقعد احمد، پرویز عنایت ،محمد عمران اور سیالکوٹ کا رہائشی محمد عامر شامل ہیں۔