22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:8
شہر کا امن تباہ کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
کراچی. . . . ... . متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ملیرکھوکھراپاراورلانڈھی میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے فائرنگ کے واقعات کی شدیدمذمت کی ہے اورایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پر دلی افسوس کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ایک امن پسندجماعت ہے اوروہ صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں امن واستحکام اورعوام کے مختلف طبقوں کے درمیان بھائی چارے کیلئے مثبت اور بھرپورکوششیں کررہی ہے لیکن جرائم پیشہ عناصراپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے امن واستحکام کی ان کوششوں کوسبوتاڑکرنے کے درپے ہیں۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ جوعناصر بھی شہر کاامن خراب کررہے ہیں انکے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اورعوام کوجان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی مسلح دہشت گردی پر ہرگزمشتعل نہ ہوں،اپنے جذبات قابومیں رکھیں اور شہرمیں امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ الطاف حسین نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں سے بھی ایک مرتبہ پھراپیل کی کہ وہ سندھ خصوصاً کراچی میں پائیدارامن کے قیام ،استحکام اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنااپناکرداراداکریں۔ الطاف حسین نے جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے شہیدہونے والے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہیدہونے والوں کی مغفرت فرمائے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی کیلئے بھی دعاکی۔