22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:12
لارڈز ٹیسٹ: پیٹرسن کی ڈبل سنچری، بھارت کیخلاف انگلینڈکی پوزیشن مستحکم
جنگ نیوز -
لندن …کرکٹ کی تاریخ کا دو ہزارواں ٹیسٹ لارڈز میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ہے، میزبان ٹیم نے پہلی اننگز 474 رنز بناکر ڈکلیئر کردی، کیوین پیٹرسن نے ناقابل شکست ڈبل سنچری بنائی۔انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے روز نامکمل دوسری اننگز ایک سو ستائیس رنز دو کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی، جوناتھن ٹروٹ جلد ہی ستر رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد کیوین پیٹرسن کے ساتھ آئن بیل نے چوتھی وکٹ کیلئے ایک سو دس رنز بنائے، بیل پینتالیس رنز بناکر پروین کمار کا شکار ہوئے، پروین نے اس ہی اوور میں مورگن کوکھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا، جس کے بعد پیٹرسن اور میٹ پرائرنے چھٹی وکٹ کیلئے ایک سو تیس رنز بنائے، پرائر اکہتر رنز بناکر آوٹ ہوئے، جس کے بعد جونہی پیٹرسن نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی تو انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس نے اننگز ڈکلیئر کردی، پیٹرسن دو سو دو رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے، بھارت کے پروین کمار نے پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارتی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے سترہ رنز بنالئے تھے۔