1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
ریلوے میں اسکریپ اور افسران میں پلاٹوں کے تقسیم کا اسکینڈل
جنگ نیوز -
لاہور. . . ... .. ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہورمیں قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کاگرماگرم اجلاس جاری ہے۔چیئرمین ایاز صادق نے ریڈی ایٹرچوری اوراستعمال شدہ موبل آئل دوبارہ استعمال کرنے پر ریلوے افسروں کی سرزنش کردی۔ اجلاس کے دوران ریلوے میں بھی پلاٹ اسکینڈل کاانکشاف ہواہے۔چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سردارایاز صادق نے اجلاس کے دوران کہاکہ اسکریپ تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں ،ذمہ داروں کاتعین کرکے جلد سزادی جائے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے گیارہ ریڈی ایٹرچوری ہوگئے کیا ریلوے انتظامیہ اورپولیس سوئی ہوئی تھی۔ایف آئی اے اورپولیس حکام نے بتایاکہ ریڈی ایٹرچوری کے مقدمے میں چھ ریلوے ملازم گرفتار کئے ہیں اورچوروں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔چیئرمین ایاز صادق نے ایف آئی اے اورریلوے پولیس کوہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندرچور پکڑلیں ورنہ سخت کارروائی کریں گے۔اجلاس میں یہ بھی بتایاگیا کہ ریلوے میں ڈیزل کی چوری اوراستعمال شدہ موبل آئل کے دوبارہ استعمال کی تصدیق ہوگئی ہے۔سردارایازصادق نے کہا کہ ریلوے انجنوں کی خرابی کاذمہ داراستعمال شدہ موبائل ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین ریلویاستعمال شدہ موبل آئل کے دوبارہ استعمال کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے ورنہ کیس نیب کودیں گے۔چیئرمین کمیٹی ایاز صادق چیف انجینئر میراحمد خان پر برس پڑے اوراجلاس سے نکلنے کاحکم دیاانہوں نے کہا کہ نااہل اورکرپٹ افسروں نے ہی ریلوے کابیڑاغرق کردیاہے۔اجلاس میں ریلوے میں کروڑوں روپے کے اسکریپ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے ذیلی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایاگیاکہ ریلوے کے ایک ایک افسر نے چھ چھ پلاٹ لئے ہیں۔ جس پر چیئرپرسن کمیٹی یاسمین مصباح نے کہا کہ پلاٹ واپس لئے جائیں ورنہ مارکیٹ ویلیوکے مطابق قیمت وصول کی جائے۔