1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
ٹیکس وصولی کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر ایف بی آر سے رپورٹ طلب
جنگ نیوز -
کراچی...فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین سلمان صدیق نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی ٹیکس کی آمدنی 15کھرب 90 ار ب روپے نہیں بلکہ ساڑھے 15کھرب روپے ہے۔ 30 جون کو1590 ارب روپے کی ٹیکس آمدنی کے جو اعداد و شمار پیش کیے گئے تھے ان میں 40 ارب روپے کے ٹیکس ری فنڈ کیے جانا تھے۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ 30جون کی نیوز کانفرنس میں انہیں سیلز ٹیکس کی ری فنڈ رقم سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ وہ وزیر خزانہ سے ملاقات کے بعد متعلقہ افسران کیخلاف انکوائری کریں گے۔ گزشتہ مالی سال کے آخری روز30 جون کو چیئرمین ایف بی آر نے اعلان کیا تھاکہ1588 ارب روپے مقرر کردہ ٹیکس آمدنی کا ہدف حاصل ہوگیا ہے اور 1590 ارب روپے کے ٹیکس جمع ہوئے ہیں۔ اس وقت یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ اس رقم میں ایڈوانس سیلز ٹیکس کے 40 ارب کے ری فنڈ کی رقم بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس آمدنی کا ہدف حاصل نہیں ہوا بلکہ اس میں 38 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔ 38ارب روپے کی آمدنی کم ہونے کی وجہ سے مالی خسارہ 5.6 فیصد سے بڑھ کر5.9 فیصد ہوگیا ہے۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ٹیکس وصولی کے غلط اعداد و شمار پیش کرنے پر ایف بی آر سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے وضاحت طلب کرے کہ غلط اعداد وشمار کیوں پیش کیے گئے۔