1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
پاکستان خطے میں کسی کو چودھری تسلیم نہیں کرتا،وزیراعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی بالا دستی سے متعلق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا بیان ان کا اپنا نقطہ نظر ہے،پاکستان خطے میں کسی کو چودھری تسلیم نہیں کرتا۔انہوں نے یہ بات وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی سالانہ تقسیم ایوارڈ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیوایم وزراء کے استعفے قبول نہیں کئے، اس لیے ابھی تک ان کا اسٹیٹس وزرا والا ہی ہے، وزیراعظم نے ایک سوال پر کہا کہ کراچی میں امن و امان کا معاملہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،کراچی حالات پر رپورٹ مانگی ہے، اسے عام کیا جائے گا۔ ایک سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا میں گرفتار ڈاکٹر فائی کا تعلق پاکستان سے نہیں مقبوضہ کشمیر سے ہے، وہ قابل عزت ہیں انہوں نے کشمیر کاز کے لئے بہت خدمات سرا نجام دی ہیں تاہم ڈاکٹرفائی سے متعلق حقائق سامنے آنے پر جائزہ لیں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ این آئی سی ایل کیس میں ظفرقریشی کے معاملے پر اپنے موقف سے سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل مدت پوری ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے بہترین کارکردگی پر موٹروے پولیس افسران میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔