1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
جرائم پیشہ عناصرکراچی کاامن خراب کرناچاہتے ہیں،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن...متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ جرائم پیشہ عناصرملک دشمن عناصر کے ساتھ ملکرکراچی کاامن خراب کرناچاہتے ہیں لیکن کراچی کے امن پسندعوام صبروتحمل سے کام لیکرشہرکاامن تباہ کرنے کی کوششوں کوناکام بنادیں گے۔ ایم کیوایم ملیراورلانڈھی سیکٹرکے ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ روزجرائم پیشہ عناصر کے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پرانکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااورشہداء کیلئے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہاکہ مسلح دہشت گردوں نے جس طرح ایم کیوایم کے کارکنوں وہمدردوں اوراہلیان ملیرکاامن وسکون بربادکیا اس پر میرا دل خون کے آنسو رورہاہے ۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر ہرقیمت پر کراچی کاامن خراب کرناچاہتے ہیں اسی لئے وہ پرتشددکارروائیاں کررہے ہیں لہٰذا ذمہ داران وکارکنان اپنے جذبات قابومیں رکھیں اور صبروتحمل سے کام لیکر امن وامان خراب کرنے کی کوششوں کوناکام بنادیں اورجرائم پیشہ عناصرکے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کوآگاہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ سب کچھ دیکھ رہاہے اور وہی بہتر انصاف کرنے والاہے ۔ لانڈھی سیکٹرکمیٹی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملیراورلانڈھی سے مجھے خصوصی لگاوٴ ہے ،ان علاقوں کے کارکنان وعوام نے تحریک کی جدوجہدمیں جو قربانیاں دیں وہ بے مثال ہیں، ا نشاء اللہ جوعناصرشہرکاامن واستحکام تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں وہ اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔