1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
صدر نے اتحادی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے چاررکنی کمیٹی بنادی
جنگ نیوز -
کراچی...صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مذاکرات اور مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماوٴں پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی میں وفاقی وزیر سید خورشید شاہ، آغا سراج درانی، ایاز سومرو اور رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل شامل ہیں۔ یہ کمیٹی اتحادی جماعتوں ایم کیوایم ،مسلم لیگ ق ،مسلم لیگ فنکشنل اوراے این پی سے رابطے کرکے ان سے متعلق ایشوزپرمذاکرات کرے گی۔ یہ فیصلہ صدر آصف زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاوٴس کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کے رہ نماوٴں کے اجلاس میں ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزرا ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، آغا سراج درانی،منظور وسان اوردیگرنے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور اتحادی جماعتوں سے تعلقات پر گفتگو اورصلاح مشورے کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے صدر نے پارٹی رہنماوٴں کو ہدایت کی ہے کہ سندھ میں امن و امان پہلی ترجیح ہونا چاہیے اور وہ تمام اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔