1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
ریلوے میں کرپشن کی کہانیاں ، پی اے سی کے اجلاس میں بھانڈا پھوٹ گیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد...قومی اسمبلی کی پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں بالآخر یہ بھانڈا پھوٹ ہی گیا کہ پاکستان ریلوے کا بیڑہ کیسے غرق ہوا،کون کون،کب کب گھپلے کرتے اور کراتے رہے اور کون گھر کے بھیدی بن کرلنکا ڈھاتے رہے، ریلوے افسران اور منتخب نمائندوں کے اس اجلاس کی صدارت چیئر مین پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی سردار ایاز صادق نے کی۔آڈٹ افسروں کی زبانی کرپشن کی کہانیاں سن کر چیئرمین کمیٹی ریلوے افسروں پر برس پڑے۔چیئرمین کمیٹی ایاز صادق نیریڈی ایٹرز کی چوری اور استعمال شدہ موبل آئل کو دوبارہ استعمال کرنے پر ریلوے افسروں کو خوب لتاڑا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ریلوے کے گیارہ ریڈی ایٹرچوری ہوگئے،کیا ریلوے انتظامیہ سوئی ہوئی تھی،ایف آئی اے اورپولیس حکام نے بتایا کہ ریڈی ایٹرچوری کے مقدمے میں چھ ملازم گرفتار کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے انجنوں کی خرابی کی وجہ استعمال شدہ موبائل ہے،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر کیس نیب کو دیا جائے گا۔چیئرمین کمیٹی، چیف انجینئر امیراحمد خان پر برس پڑے اور انہیں اجلاس سے نکل جانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نااہل اورکرپٹ افسروں نے ریلوے کابیڑاغرق کردیاہے۔اجلاس میں اسکریپ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ چین سے مسافر کوچز اور انجنوں کی خریداری میں کروڑوں کا گھپلا ہوا جس میں سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اشرف اور بعض دیگر افسرملوث ہیں ،جبکہ ریلوے اسکریپ ،ڈیزل اورریڈی ایٹرز کے معاملات میں کروڑوں روپے کی چوری کے واقعات کی نیب میں تحقیقات چل رہی ہے۔سردار ایاز کا کہنا تھا کہ نیب والے غیر جانبدارانہ تحقیقات سے ثابت کر دیں کہ وہ جرنیلوں سے نہیں ڈرتے،ریلوے کے ڈی جی آڈٹ نے انکشاف کیا کہ ریلوے کے 180 افسروں نے غیر قانونی طور پر460 پلاٹ حاصل کر رکھے ہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کی چیئرپرسن یاسمین مصباح الرحمن کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور نااہل افسروں نے ریلوے کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے حکم دیا کہ یہ پلاٹ واپس لئے جائیں یا مارکیٹ ویلیو کے مطابق قیمت وصول کی جائے۔