1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
لاہور:یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا انٹری ٹیسٹ منسوخ
جنگ نیوز -
لاہور…یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر اہتمام ہونے والا انٹری ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا۔ نئے انٹر ی ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر اہتمام لاہور اور ملتان اور ٹیکسلا میں انجینئرنگ کے انٹری ٹیسٹ منعقد ہوئے۔بی ایس سی انجینئرنگ میں داخلے کے لئے لاہور سمیت مختلف شہروں میں دس امتحانی سنٹرز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب کی چار ہزار سیٹوں کے لئے اکتالیس ہزار امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ لاہور میں ٹیسٹ کے لئے یو ای ٹی میں امتحانی سنٹر قائم کیا گیا جس میں چودہ ہزار طلبا اور طالبات نے شرکت کی۔ امیدواروں نے الزام لگایا کہ انٹری ٹیسٹ کا پیپر پہلے ہی آوٴٹ ہو گیا تھا۔ ادھر یو ای ٹی کے وائس چانسلر محمد اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کاروبار چمکانے کیلئے پیپرآوٴٹ ہونے کی بات کر رہے ہیں۔تاہم یو ای ٹی کے وائس چانسلر نے پیپرآوٴٹ ہونے کے الزامات پر اجلاس طلب کر لیا جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ پیپر کا کچھ حصہ آوٴٹ ہو ا تھا ۔ اجلاس میں وائس چانسلر محمد اکرم کی زیر صدارت فیصلہ کیا گیا کہ انٹری ٹیسٹ منسوخ کیا جائے اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے ۔ واضح رہے کہ یہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پیپر آوٴٹ ہونے کا پہلا واقعہ ہے۔