1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کراچی کا مسئلہ سیاسی مفاہمت سے حل کرنا چاہئے، امین فہیم
جنگ نیوز -
لاہور…وفاقی وزیرتجارت مخدوم امین فہیم نے کہا ہے وہ نہیں جانتے کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پرعمل کرتی ہے یانہیں،تاہم دونوں اداروں کو ایک دوسرے کے معاملات میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہئے۔لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ کراچی کی صورتحال افسوسناک ہے لیکن فوجی آپریشن مسئلے کاحل نہیں سیاسی مفاہمت سے مسئلہ حل کرناچاہئے،مخدوم امین فہیم نے کہاکہ ایم کیو ایم ایک الگ جماعت ہے،حکومت میں واپسی کا فیصلہ ان کاحق ہے،ذوالفقارمرزا کے بیانات پر وفاقی وزیرنے کہا کہ صرف ایک سائیڈ پر نہ دیکھیں،دوسری طرف بھی دیکھنا چاہیے۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی ادارے کو دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر وفاقی وزیرنے کہا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن صوبوں کو چینی نہیں دیتی،یہ معاملہ کابینہ اور اقتصادی رابطہ کمیٹی طے کرتی ہے۔ پنجاب نے چینی کیلئے کوئی درخواست دی ہے یا نہیں، یہ ان کے علم میں نہیں۔