1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
اسپرٹ آف سوات کی اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی
جنگ نیوز -
اسپرٹ آف سوات کی اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی
مینگورہ…اسپرٹ آف سوات کی چھتیس روزہ تقریبات کا اختتام ہوگیا۔اختتامی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ضلع سوات کی تحصیل کبل میں اسپرٹ آف سوات کی اختتامی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ڈائیریکٹر جنرل پاکستان ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی شکیل قادر اور کمشنر مالاکنڈ ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم سمیت سول و فوجی افسران اور مقامی افراد نے اختتامی تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے سے کیا گیا۔ڈائیریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شکیل قادر کا کہنا تھا کہ اسپرٹ آف سوات کی تقریبات کے انعقاد کا مقصد جہاں لوگوں کو تفریح میسر کرنا تھی وہاں یہ پیغام بھی دینا تھا کہ سوات امن کا گہوارہ ہے۔اس میں دہشت گردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔اس سلسلے میں میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مقامی گلوکاروں کے علاوہ معروف گلوکار ہارون اور شاز خان نے اپنے مخصوص انداز میں موسیقی کے رنگ بکھیردئے۔تقریب میں شریک لوگوں کا لوگوں کا کہنا تھا کہ ضلع سوات میں کھلے آسمان تلے محفل موسیقی پر یقین نہیں آرہا۔ سوات میں آئندہ بھی اس قسم کی تقریبات کا انعقاد ہوتا رہنا چاہیے۔