1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
پی ایس او اور کے ای ایس سی میں ایک بار پھر تنازع
جنگ نیوز -
کراچی...کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ پی ایس او نقد ادائیگی کے باوجود مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہیں کررہا جبکہ پی ایس او نے کے ای ایس سی سے واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق ادارے نے پی ایس او کو گزشتہ تین دنوں میں 3ہزار 500 ٹن تیل کے لیے نقد ادائیگی کی ہے جبکہ ادائیگی کے برعکس صرف 1750 ٹن تیل فراہم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او ادا شدہ رقم کے مطابق فرنس آئل کی فراہمی یقینی بنائے۔ دوسری جانب پی ایس او کے ذرائع کے مطابق کے ای ایس او کو 9 ارب 30 کروڑ روپے پی ایس او کو ادا کرنے ہیں جن میں سے 1 ارب روپے کی رقم فوری طور پر ادا ہونی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او کو فرنس آئل کی فراہمی میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن کے ای ایس سی کو چاہیے کہ وہ ادارے کے واجبات فوری طور پر ادا کرے۔