1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
0 کچھ طاقتیں اسلحہ کے زور پر کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں،انیس قائم خانی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ہاتھوں کراچی میں شہیدو زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہریوں کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا گیا اور شہر میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔دعائیہ تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر انیس قائمخانی، رابطہ کمیٹی کے اراکین کنور خالدیونس، واسع جلیل، ڈاکٹر صغیر احمد، رضاہارون، مصطفی کمال، آنسہ ممتازانوار،توصیف خانزداہ،سلیم تاجک، نیک محمد، ڈاکٹر نصرت ،اشفاق منگی ،ایم کیوایم کے رہنما عامر خان ، حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے علاوہ ایم کیوایم کے ونگز ، شعبہ جات کے اراکین ، کراچی کی سیکٹر ز کمیٹی کے انچارجز و اراکین نے شرکت کی ۔ دعائیہ تقریب سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی نے شہر میں مسلح جرائم پیشہ دہشت گردوں کی کھلی دہشت گردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہریوں کی شہادت اور زخمی کرنے کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ طاقتیں اسلحہ کے زور پر کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں مگر قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم کے کارکنان نے ظلم وجبر کے آگے نہ کل سر جھکایا ہے اور نہ آئندہ جھکائیں گے اور نامساعد حالات ، شہر کے حالات خراب کرنے کی سازشوں کا صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیکر مقابلہ کریں گے ۔ بعدازاں ایم کیوایم کی علماء کمیٹی کے رکن ناصر یامین نے اجتماعی دعا کرائی جس میں شہر میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایم کیوایم کے کارکنان ، ہمدردوں اور شہریوں کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، حق پرستا نہ جدوجہد کی کامیابی ، شہر میں دہشت گردی کے خاتمے ، امن و امان کے قیام ، اسیر کارکنان کی جلد رہائی و بلند حوصلے کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت وتندرستی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔