1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ،پانچ افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں کئی روز سے جاری بدامنی پیر کو کچھ کم رہی تاہم پھر بھی شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے ایمبولینس کو آگ لگادی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لانڈھی اور ملیر میں بدامنی میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔پیر کا سورج طلوع ہوا تو گارڈن کے علاقے عثمان آباد سے ایک شخص کی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ کورنگی کے علاقے بھٹائی کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سیاسی جماعت کے کارکن لیاقت کو قتل کردیا۔ نارتھ ناظم آباد میں شپ آنرز کالج کے قریب فائرنگ سے پینتیس سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔ مومن آباد کے علاقے بونیر کالونی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ لانڈھی کے علاقے شیرپاوٴ کالونی میں اسٹار گراوٴنڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حبیب اللہ، عثمان غنی اور اکرام شدید زخمی ہوگئے۔ کئی روز تک بدامنی کا شکار رہنے والے ملیر اور ملحقہ علاقوں کے بارے میں پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ رینجرز کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔پولیس حکام کی جانب سے متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے کے دعوے کے بعد بھی ڈرگ روڈ کئی گھنٹے تک میدان جنگ بنارہا اور نامعلوم افراد نے ایک ایمبولینس کو بھی آگ لگادی۔