1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
تمام قومیتوں سے ہاتھ جوڑ کر امن کی بھیک مانگتاہوں،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک کی سلامتی وبقاء ، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور کراچی میں امن واستحکام کیلئے ماضی کی تلخیوں کو فراموش کردیں اور نئے سرے سے پاکستان کی بقاء وسلامتی ، ترقی وخوشحالی اور عوام کے درمیان اتحاد وبھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے اجلاس کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج میں نے رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان سے طویل اجلاس کئے جس میں ملک کے حالات حاظرہ پر سیرحاصل بحث ومباحثہ کیا گیا ، تمام اراکین رابطہ کمیٹی کے مشورے اور تجاویز سنیں اوراپنی معلومات رابطہ کمیٹی کے ارکان تک منتقل کیں۔ میں اس اجلاس کے توسط سے ملک بھر کے محب وطن پاکستانیوں خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب، مسلک، عقیدہ، علاقے ، زبان اور قومیت سے ہو، ایک پاکستانی کی حیثیت سے ان سے مخاطب ہوں کہ پاکستا ن اس وقت انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ۔بین الاقوامی طاقتوں خاص طور پر سپرپاور امریکہ کے رویے کے باعث مسلح افواج، دفاعی ادارے اور بین الاقوامی طور پر مستند تحقیقاتی ادارے سخت مشکلات کا شکار ہیں ۔ ملک معاشی طور پر انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ۔ اگر اس وقت تمام سیاسی جماعتیں اور عوام اپنے اپنے ذاتی مقاصد کو پس پشت ڈال کر ملک کودرپیش مسائل اور نازک صورتحال سے نکالنے کیلئے ایک نکتہ پر متحد ومتفق نہ ہوئے تو پاکستان کی سلامتی وبقاء مزید خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔ آج ہم سب عہد کریں کہ ہم سب برابر کے پاکستانی ہیں اور ہم سب کو پاکستان کا مفاد نہ صرف عزیز ہے۔خاص طور پر پیپلزپارٹی اور مسائل کا شکار لیاری کے عوام سے میری اپیل ہے کہ خدارا ، پاکستان کا سوچیں۔میں کراچی کے پختون بھائیوں خصوصاً عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں سے موٴدبانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی اپنے لوگوں کو سمجھائیں ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور ایک ایک کارکن سے التجا کرتا ہوں کہ وہ موجودہ نازک صورتحال میں ملک کی سلامتی وبقاء کیلئے صبروتحمل سے کام لیں ۔میں پاکستان پیپلزپارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں سے پاکستان کی سلامتی کی بھیک مانگتا ہوں ،اور مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے عوام قتل وغارتگری کا سلسلہ بند کردیں،کراچی میں بسنے والے ہر شہری کی جان عزیز ہے ،کوئی کسی کی جان نہ لے بلکہ ایک دوسرے کی گردنیں مارنے کے بجائے سب مل جل کرایک دوسرے کی جان ومال کا تحفظ کریں ۔میں لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر امن کی بھیک مانگتاہوں۔ انھوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے مالکان ، مدیران اور اینکرپرسن سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام کے جذبات بھڑکانے والی رپورٹس اور ٹاک شوز سے گریز کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں حالیہ فسادات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی خبرگیری کرے اور ان کی ہرممکنہ مدد کرے ۔