1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کے ای ایس سی تنازع: انتظامیہ اور سی بی اے مذاکرات
جنگ نیوز -
کراچی …گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی مداخلت پر کے ای ایس سی انتظامیہ اور لیبر یونین کے درمیان معاملات طے پانے کا امکان ہے لیکن کچھ معاملات پر اتفاق نہیں جبکہ دونون فریقین کے درمیان کوئی تحریری معاہدہ نہیں ہو پایا ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر ہاوٴس کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی زیر صدارت کے ای ایس سی کے اعلیٰ سطح کا وفدکا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ منظور وسان،پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں کے ای ایس سی ملازمین کے مسائل اور ادارے کی آپریشنل صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رضاکارہ علیحدگی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے ملازمین کی برطرفی فی الحال موخر کر دی جائے اور غیر ضروری ملازمین کی رکی ہوئی تنخواہوں کے برابر رقم ریلیف پیکیج کی صورت میں ادا کرنے کی تجویز دی گئی۔ اس موقع پر طے پایا کہ غیر ضروری ملازمین کو تنازعات کے حل تک ڈیوٹی پر نہیں لایا جائے تاہم حاضریوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ ایک ہفتہ کے اندر کے ای ایس سی انتظامیہ، یونین کے نمائندگان اور شہری انتظامیہ پر مشتمل 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو یونین رہنماوٴں پر درج کرائے گئے مقدمات سمیت دیگر متازعہ معاملات حل کرے گی۔ دوسری جانب کمشنر کراچی محمد حسین سید نے کے ای ایس سی ملازمین کے ایک وفد سے گورنر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں کے ای ای سی کے ملازمین اجلاس کے فیصلوں پر متفق نہیں ہو پائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ای ای سی ملازمین نے تین میں سے دو شرائط مان لی ہیں جبکہ رضاکارانہ علیحدگی اسکیم سے مستفید نہ ہونے والے ملازمین کو بحال کرنے پر معاملات طے نہیں پا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان احتجاجی ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہ کے اجراء پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔