1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
نئی دہلی میں پاکستان اور بھارت کے سیکریٹری خارجہ مذاکرات
جنگ نیوز -
نئی دہلی…پاکستان اور بھارت کے سیکریٹری خارجہ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر کا کہنا کہ دونوں ممالک کے وفود میں امن، استحکام اور تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ملاقات ہورہی ہے۔بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں پاکستان اور بھارت کے سیکریٹری خارجہ کے درمیان ملاقات شروع ہوگئی ہے، پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر اور بھارتی وفد کی قیادت نیروپما راوٴ کررہی ہیں۔ ملاقات سے قبل بھارتی ہم منصب کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا کہ کل ہونے والی وزرائے خارجہ ملاقات کے لیے آج چیزوں کو فائنل کیا جائے گا، سلمان بشیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ بہترتعلقات چاہتے ہیں، کل دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوگی، امید ہے ملاقات مثبت رہے گی، بھارتی سیکریٹری خارجہ نروپما راوٴ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو نئی دلی میں خوش آمدید کہتے کہا کہ پاکستانی سیکریٹری خارجہ سلماب بشیر کے ساتھ گزشتہ مہینے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات مثبت رہی تھی اور آج ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان کل ہونے والی ملاقات کے معاملات کو طے کیا جائے گا۔