1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
سوشل ویب سائٹس لوگوں کے لیے نشہ ہیں:تحقیق
جنگ نیوز -
نیو یارک…رفیق مانگٹ… سوشل ویب سائٹ لوگوں کے لیے نشہ ہیں، سگریٹ نوشی کی طرح انہیں بھی ترک کرنا مشکل ہے۔آن لائن کے عادی افراد اس کے بغیر ڈیپریشن کا شکار،پریشان اور تنہائی محسوس کرتے ہیں۔ امریکی اخبار ’نیو یارک پوسٹ ‘ نے تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ انٹر نیٹ پر سوشل ویب سائٹ لوگوں کو نشے کی حد تک عادی بنا دیتی ہیں۔ جیسے کسی کو نشہ آور ادویات کی لت پڑ جاتی ہے اسی طرح فیس بک، ٹوئیٹر اور گوگل جیسی سوشل نیٹ ورک کی سائٹس نے لوگوں کو نشے میں مبتلا کردیا ہے۔ ایسے لوگوں کو اگر نیٹ یا الیکٹرانک میڈیا تک رسائی کے لیے منع کیا جائے تو وہ کسی عادی منشیات لینے والے کی طرح رد عمل کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ لوگ جو شرابی کی طرح آن لائن سوشل نیٹ ورکس کے نشے میں مبتلا ہیں وہ ان لوگوں کو انتہائی بور سمجھتے ہیں جو ایس ایم ایس، ای میل یا دیگر آن لائن سرگرمیوں میں مصروف نہیں ہوتے۔ آن لائن سرگرمیوں سے چھٹکارہ پانا ایسے لو گوں کے لیے اتنا ہی مشکل ہے جتنا سگریٹ نوشی یا شراب نوشی کو چھوڑنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ سروے کے مطابق ایک ہزار میں سے 53 افراد انٹرنیٹ سے محروم ہونے پر پریشان ہوجاتے ہیں اور ڈپریشن میں چلے جاتے ہیں۔ چالیس فیصد اپنے آپ کو تنہا سمجھتے ہیں، جب وہ آن لائن نہیں ہوتے۔