1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
پی پی کے چوہدری عبدالمجید آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب
جنگ نیوز -
مظفر آباد… پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری عبدالمجید 35 ووٹ حاصل کر کے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ فاروق حیدر نے 11 ووٹ حاصل کئے۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 46 اراکین کے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ ووٹ ڈالنے کیلئے قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو نام کے حروف تہجی کے حساب سے بلایا گیا۔ سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی غلام صادق نے دوپہر ایک بجکر 47 منٹ پر نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا۔ ا نتخاب کے رزلٹ کے اعلان سے قبل اسپیکر نے دو منٹ کیلئے گھنٹیاں بجانے کی ہدایت دی تاکہ تمام اراکین ایوان میں واپس آ سکیں۔ چوہدری عبدالمجید کے انتخاب کا اعلان ہوتے ہی اراکین اسمبلی نے بھرپور ڈیسک بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے نومنتخب وزیراعظم اور راجہ فاروق حیدر کو بھی مبارکباد دی کہ ا نہوں نے وزیراعظم کا انتخاب باوقار اور پرامن طریقہ سے مکمل کرنے میں مکمل تعاون کیا اور اس کو ممکن بنایا۔