1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
یمن: اپوزیشن نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی
جنگ نیوز -
صنعا…جنگ نیوز… یمن کی حزب اختلاف نے حکومت کی جانب سے ملک میں امن اوامان کے قیام اور سیاسی صورت حال کی بہتری کے لیے مذاکرات کی پیش کش مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ اس میں امن کے لیے نقشہ راہ وضع نہیں کیا گیا ہے۔یمن کے قائم مقام صدر عبد ربہ ہادی منصور نے گذشتہ روز حزب اختلاف کو مذاکرات کی پیش کش کی تھی اور کہا تھا کہ اس حوالے سے ایک ہفتے کے اندر نقشہ راہ بھی وضع کرلیا جائے گا۔یمنی حکومت کے ترجمان طارق الشامی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حزب اختلاف کے ساتھ بات چیت میں نقشہ راہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی اور یہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے والے تمام لوگوں کی آراء کی بنیاد پر وضع کیا جائے گا۔لیکن حزب اختلاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی پیش کش مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ پہلے یمنی صدر علی عبداللہ صالح خلیجی ممالک کی ثالثی میں پیش کیے گئے انتقال اقتدار کے فارمولے پر دستخط کریں، اس کے بعد وہ ان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہوں گے۔