تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48

تعلیم و تحقیق کے کلچر میں ترقی اہم ترین ضرورت ہے، ڈاکٹر پیر زادہ قاسم

جنگ نیوز -
کراچی …جامعہ کراچی میں تعلیم و تحقیق کے کلچر میں ترقی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی قائم رکھنے کے لیے جرنل کلب کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی نے یہ بات کراچی یونیورسٹی جرنل کلب کے افتتاحی پروگرام کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جامعہ کراچی کے پانچ نوجوان اساتذہ جنہوں نے حالیہ برسوں میں پاکستان یا بیرون ِ ملک اپنا پی ایچ ڈی مکمل کیا اپنی تحقیق پیش کی۔ شیخ الجامعہ نے اس پروگرام کے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اگر اس نوعیت کی علمی اور صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں تو جامعہ کراچی کی انتظامیہ اس میں بھرپور تعاون کرے گی۔ شعبہٴ مائیکرو بایو لوجی کے اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر زید احمد نے جن کا تحقیقی مقالہ حال ہی میں صف ِ اوّل کے تحقیقی جریدے نیچر میں شائع ہوا ہے وائرس کے ذریعے بیکٹریا میں مہلک بیماری کی صلاحیت پیدا ہونے کے عمل پر اپنی تحقیق پیش کی۔ان کی تحقیق پاکستان میں بڑھتی ہوئی بیکٹریا کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام میں مدد گار ثابت ہوگی۔اس موقع پر شعبہٴ انگریزی کے ڈاکٹر افتخار شفیع، ماہرماحولیات ڈاکٹر سید عدنان حسن،شعبہٴ بایو کیمسٹری کی ڈاکٹر ارم شیریں ، ایچ ای جے انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے ڈاکٹر جمشید ہاشم نے اپنے مقالے پیش کیے۔جامعہ کراچی جرنل کلب کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد سہیل نے کلب کے اغراض و مقاصد پیش کیے۔اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی ، ڈاکٹر شکیل فاروقی اور دیگر نے خطاب کیا۔شیخ الجامعہ نے آخر میں یادگاری شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.