تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48

حکومت یونان کی مسلمانوں کو رمضان کی عبادات کے لیے جگہ کی پیشکش

جنگ نیوز -
ایتھنز…سکندرریاض چوہان…حکومت یونان نے ایتھنز کے مسلمانوں کوایتھنز کے دوبڑے اسٹیڈیم میں ماہ رمضان کے سلسلہ میں اپنی عبادات اورماہ صیام کے دیگر تہواروں کومنانے کے لیے جگہ دینے کی پیش کش کردی۔وزارت تعلیم ومذہبی امور یونان کی جانب سے ایتھنز کی مسلم کمیونٹی کے لیے شہر کے سب سے بڑے اولمپک اسٹیڈیمOAKAاور ساحلی شہر پیریا کے نزدیک واقع پیس اینڈ فرینڈ شپ اسٹیڈیم کومسلم کمیونٹی کے لیے دینے کااعلان کیاہے جہاں پروہ ماہ رمضان المبارک مہینہ میں عبادات کے علاوہ دیگر پروگرام کرسکتے ہیں۔ایتھنز کی مسلم کمیونٹی ہرسال ماہ رمضان کے موقع پرمختلف علاقہ جات میں اجتماعات کرتے ہیں جن میں اولمپک اسٹیڈیمOAKAمیں عرب ممالک اوردیگر مسلم ممالک کے افراد عید کی نمازوں کے علاوہ دیگر اجتماعات کرتے ہیں جس کے لیے وہ اس کاباقاعدہ کرایہ اداکرتے تھے جبکہ پیریاکے ساحلی مقام پیس اینڈ فرینڈ شپ اسٹیڈیم میں شروع ہی سے پاکستانی مسلم کمیونٹی کاعیدین کامرکزی اجتماع ہوتاہے۔اس سال حکومت یونان کی جانب سے ماہ رمضان کے آغاز سے قبل ہی مسلم کمیونٹی کواس کی پیش کش کرکے حکومت نے ایک نئی شروعات کی ہے جس کامقصد یونان میں مسلم کمیونٹی اورمقامی شہریوں کے درمیان پائے جانے والے تعصب کوکم کرنے کی کوشش ہے ۔ایتھنز سمیت یونان کے دیگر شہروں میں مسلمان نماز عیدین اوردیگر اجتماعات کے لیے مختلف علاقہ جات کے سرکاری میدانوں یادیگر جگہوں پرباقاعدہ اجازت سے نماز یں اداکرتے تھے۔گذشتہ دوسال سے ایتھنز میں افغان اورافریقی ممالک کے مسلمانوں نے بغیر اجازت کے پولی ٹیکنکل کالج کی عمارت کے باہر نماز کی ادائیگی اورپارکوں میں نماز اداکی تھی جس کی وجہ سے کشیدگی پیداہوئی اورمقامی عیسائی آبادی کی جانب سے اس پراظہار ناراضگی کیاگیا اورعیدین کی نمازوں کی ادائیگی کے دوران اونچی آواز میں میوزک کے علاوہ اسلام مخالف نعرے اورنمازیوں پرحملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی اس تمام صورت حال کومد نظر رکھتے ہوئے حکومت یونان نے اس سال ماہ رمضان کے آغاز سے قبل ہی مسلم کیمونٹی کواجتماعات کے لیے دونوں جگہیں دینے کااعلان کیاہے۔حکومت کے اعلان پرمسلم یونین آف گریس کے صدر نعیم الغندور نے حکومت کے فیصلے کوسراہاہے اوراس کواچھا قدم قراردیاہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.