تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48

تمام جماعتیں کراچی میں امن کیلئے اپنی ٹیمیں بھیجیں،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی تمام قومیتوں کا شہر ہے ،سب کوملکر شہرکے امن کیلئے کوشش کرنی چاہیے ، کراچی کونقصان پہنچانا پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں کو دعوت دی کہ وہ کراچی میں امن کی خرابی کے حقائق کاجائزہ لینے کیلئے اپنی اپنی جماعتوں کے نمائندوں کی ٹیمیں کراچی بھیجیں اور کراچی میں جہاں گولی چلے ،متاثرہ مقام کا دورہ کرکے اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ گولیاں کون چلارہا ہے اور کس پر چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم جمہوریت پسند جماعت ہے اور چاہتی ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے تاہم حکومت کوبھی چاہئے کہ وہ آئین و قانون کا احترام کرے ۔ انہوں نے مسلح افواج کو یقین دلایا کہ وہ ملک کے مفاد میں جوچاہیں کھل کرفیصلہ کریں ، ہرکڑے اور مشکل وقت میں ایم کیوایم ان سے آگے بڑھکر اپنی جان قربان کرنے کیلئے حاضرہوگی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے یوم تاسیس کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ، پنجاب ، بلوچستان ، کشمیراور گلگت بلتستان کے پچاس سے زائد مقامات پر لاکھوں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہ ایم کیوایم تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے ووٹ بنک کو تسلیم کرتی ہے، اگرماضی کی طرح ریاستی طاقت کا استعمال کرکے ایم کیوایم کے ووٹ بنک کوختم کرنے کی کوشش کی گئی تو تاریخ گواہ ہے کہ ایم کیوایم کوختم کرنے والے خود ختم ہوگئے ، ہمیں مجبورنہ کیا جائے اگر پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرلیا تو پھر ایک ایک کارکن بہادر سپاہی کی طرح ایم کیوایم کے پرچم اور وجود کی حفاظت کرے گا۔انھوں نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی سب کا شہر ہے ،تمام کارکنان آج کے دن عہد کریں کہ ان کے ہاتھ اور زبان سے کسی بھی لسانی اکائی یا سیاسی ومذہبی جماعت کے رہنماء یا کارکن کو تکلیف نہیں پہنچے گی ،انھوں نے صدر آصف علی زرداری اور اسفندیارولی سمیت دونوں جماعتوں کے مقامی اور قومی سطح کے رہنماوٴں سے بھی دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ، میں پی پی، ایم کیوایم ، اے این پی اور لیاری کے پرامن عوام کو کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ی اورپاکستان کی خاطر مل کر امن ریلی کا انعقاد کریں ، ایک دوسرے سے گلے ملیں۔الطاف حسین نے کہا کہ الطاف حسین اورایم کیوایم پختونوں کے خلاف نہیں بلکہ پختونوں اور بلوچوں کو اپنابھائی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے دنوں مہاجروں کیلئے جوتوہین آمیزالفاظ استعمال کئے گئے اس سے صرف اردوبولنے والوں ہی کے دل نہیں ٹوٹے بلکہ مشرقی پنجاب سے ہجرت کرکے آنے والے لاکھوں نہیں بلکہ ان کروڑوں پنجابیوں کے بھی دل دکھے ہیں۔انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ میں سندھ دھرتی کابیٹاہوں چاہے کوئی مجھے سندھی مانے یانہ مانے ، سندھ کسی کی خریدی ہوئی جاگیرنہیں ہے۔اب سندھی اوراردولنے والوں کوآپس میں لڑایا نہیں جاسکتا، سندھی اوراردولنے والے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر نام نہادقوم پرستوں اورسندھ دشمنوں کامقابلہ کریں گے ۔






متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.