1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کراچی:اورنگی ٹاؤن میں پرتشدد واقعات، مزید 3افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت تین افراد ہلاک جبکہ ایک بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاوٴن کے علاقے قصبہ کالونی میں کالی پہاڑی کے مقام پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن نعمان شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں سے ایک نجی اسپتال پہنچائے جانے کے دوران وہ ہلا ک ہوگیا۔ واقعہ کیخلاف مشتعل افراد نے ایک ٹرک نذر آتش کردیا اور علاقے میں شدید فائرنگ کی گئی جس سے درویش نامی شخص ہلاک جبکہ ایک گھر میں موجود چار سالہ بچی اور راہ گیر شاہد زخمی ہوئے۔ فائرنگ سے علاقے میں دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔پولیس کی ایک درجن سے زائد گاڑیاں علاقے میں داخل ہوگئیں اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔ اورنگی ٹاوٴن سے صبح کو بھی ایک شخص کی بوری میں بند لاش ملی جسے اغوا کرکے تشدد کے بعد فائرنگ سے ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے خرم زخمی ہوگیا۔ طارق روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ نیو کراچی میں یوپی موڑ کے قریب مذہبی جماعت کے کارکن 35 سالہ احمد رضا قادری کے قتل کیخلاف علاقے میں کشیدگی ہے تاہم شہر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ ملیر، لانڈھی اور دیگر علاقوں میں رینجرز اور پولیس تعینات ہے جہاں کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔