1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
2010 ء:42ہزارافراد گاڑیوں یا موٹرسائیکلوں سے محروم ہوئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک بھر میں کار چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے شہریوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے جبکہ کارچور مافیا کا اثررسوخ روزبروز بڑھ رہا ہے۔ سال2010میں41ہزار8سو98 افراد اپنی گاڑیوں یاموٹرسائیکلوں سے محروم کر دیے گئے اور پولیس تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔اس بات کا اندازہ نیشنل پولیس بیورو کے تیارکردہ اعداوشمار سے لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق سال 2006 میں چوری ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 11ہزار3 سو67 تھی جو2010 میں بڑھ کر 15 ہزارایک سو 70 ہوگئی۔بیورو کے مطابق سال 2010 میں پنجاب میں 8ہزار9سو73،سندھ میں 2ہزار5سو77،خیرپختونخوامیں5سو58،بلوچستان میں 3سو82 اور اسلام آباد میں 670 گاڑیاں چوری ہوئیں۔گاڑیوں کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل چوروں کا مافیا بھی موجود ہے جو متوسط طبقے کی سواری موٹرسائیکل سے انہیں محروم کرکے مشکلات سے دوچار کررہے ہیں۔نیشنل پولیس بیورو کی دستاویزات کے مطابق سال 2006 سے 2010 تک چوری ہونے والی موٹرسائیکلوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔