1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
گوجرانوالہ:چوری کے الزام میں گرفتار لڑکی پولیس تشدد سے اپاہج ہو گئی
جنگ نیوز -
گوجرانوالہ…گوجرانوالہ پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار لڑکی پر روایتی تشدد کرکے اسے اپاہج کرڈالا۔ میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے کے بعد سیشن جج نے تشدد کرنے والے تفتیشی افسر کو عدالت سے ہی گرفتار کرادیا۔ایس ایچ او تھانہ گرجاگھ اقبال اوجلہ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج کے حکم پرچوری کے الزام میں گرفتار انیلہ کا میڈیکل کرایا گیا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق انیلہ پر بدترین تشدد ثابت ہوا ہے، لڑکی کے سسر کی طرف سے چوری کا مقدمہ درج کیاگیا تھا اور الزام ثابت ہونے پر 19 جولائی کی رات اسے گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹرکیپٹن ظفر نے بتایا کہ پولیس نے لڑکی پر بہت زیادہ تشدد کیا ، انکا کہنا تھا کہ 32 سالہ سروس کے دوران کسی خاتون پر اتنا بھیانک تشدد پہلی بار دیکھا ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے میڈیکل رپورٹ پیش ہونے کے بعد تفتیشی افسر سعدالحسن کو عدالت سے ہی گرفتار کرادیا، جبکہ انیلہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم بھی دیا۔لڑکی کو اسکے والدین کے حوالے کر دیاگیاہے ۔ متاثرہ انیلہ نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ گرجاکھ کے سب انسپکٹر سعدالحسن اور اسکے ساتھی اس کی ٹانگوں پر لوہے کا پائپ رکھ کر اس پائپ پر ایک پولیس اہلکار کو کھڑا کرتے تھے اور پھر پورے تھانے میں گھسیٹتے تھے۔