1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
پاک بھارت مذاکرات،کنٹرول لائن پر سیاحوں کی آمد و رفت پر اتفاق
جنگ نیوز -
نئی دہلی…نئی دہلی میں پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات میں انسداد دہشتگردی کیخلاف تعاون اورمستقبل میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ،مذاکرات کے بعد پریس بریفنگ میں بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کاکہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ تعلقات درست سمت میں جارہے ہیں، بھارت کشمیرکے پرامن حل سے متعلق مستقبل میں مذاکرات جاری رکھنے پر رضامند ہے۔پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھرکاکہناتھا کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات جاری رہنے پر اتفاق ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کااہم پڑوسی ہے، دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ خطے میں استحکام کے لیے کردار ادا کریں،مذاکرات سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ ماضی سے سبق سیکھیں ،دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات خطے میں ترقی اور استحکام کا باعث بنیں گے۔بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو دہشت گردی سے آزاد مستحکم ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔