1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
نواز شریف صدر،راجہ ظفر چیئر مین،مشاہد اللہ سیکرٹری اطلاعات منتخب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…میاں نواز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ راجہ ظفر الحق کو چیئرمین اورمشاہد اللہ کو سیکرٹری اطلاعات منتخب کر لیا گیا ہے۔پارٹی کے انتخابات کنونشن سینٹر اسلام آباد میں مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران عمل میں آئے۔اس موقع پر پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر اقبال ظفر جھگڑا نے اعلان کیا کہ میاں نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے اس لیے وہ پارٹی صدر منتخب ہو گئے ہیں جس کی توثیق مرکزی جنرل کونسل نے کی۔اسی طرح پارٹی چیئرمین کے عہدے پر راجہ ظفر الحق، سینئر نائب صدور کے چار عہدوں پر سندھ سے سید غوث علی شاہ،خیبر پختونخواہ سے سرتاج عزیز،بلوچستان سے سردار یعقوب ناصر اور آزاد کشمیر سے سردار اسکندر حیات کو منتخب کیا گیا۔ اس دوران مرکزی جنرل کونسل کے ارکان نے مخدوم جاوید ہاشمی کو نظر انداز کرنے پر ان کے نام کا اعلان کرنے کیلئے سخت نعرے بازی کی جس کے بعد شہباز شریف نے مخدوم جاوید ہاشمی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔اس دوران احسن قبال پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جبکہ سردار ایاز صادق کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا ،سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر مشاہد اللہ جبکہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کے لئے انجینئر خرم دستگیر کو منتخب کیا گیا۔میاں نواز شریف سے پارٹی چیئرمین راجہ ظفر الحق نے حلف لیا جبکہ میاں نواز شریف نے پارٹی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔مسلم لیگ ن کے مرکزی عہدیداران کے انتخاب میں پارٹی کا سیکرٹری جنرل کسی کو بھی منتخب نہیں کیا گیا ہے۔