1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
عوامی طاقت سے جج بحال کئے، پھر آنکھیں دکھائی جا رہی ہیں ،نواز شریف
جنگ نیوز -
اسلام آباد…میاں نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ ن کا بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا ہے،منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں کا کہنا ہے کہ انہیں سیاسی تنہائی کے طعنے دئے جاتے ہیں لیکن یہ لوگ اقتدار کی حویلیوں اور لنگر خانوں سے باہر نکل کر دیکھیں تو انہیں پتہ چلے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی انتخابات کی رسمی کارروائی میں میاں نواز شریف کو دس سال بعد ایک بار پھر صدر منتخب کرنے کا اعلان ہواتوپارٹی راہنماوٴں اور کارکنوں نے پر جوش انداز میں ا س کی بھرپور توثیق کی۔میاں نواز شریف نے حکومت کے خلاف عدلیہ کے فیصلوں کی حکم عدولی سمیت دیگر کارروائیوں کی چارج شیٹ ضرور پیش کی لیکن کوئی جذباتی اعلان نہ کیا ،میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک میں ہر طرف کرپشن کا بازار گرم ہے،بد عنوان لوگوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے اور حکمرانوں کی بد عنوانی کی وجہ سے عوام کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔ خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آج پاکستان کو ناکام ریاست کہتی ہے ،بھیک کے لیے کشکول لے کر پھر رہے ہیں جبکہ دہشت گردی پاکستان کی شناخت بن چکی ہے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مخالفین ان کو سیاسی تنہائی کے طعنے دیتے ہیں ،لیکن تنہائی ان کا طرہ امتیاز ہے کیوں کہ وہ ابن الوقتوں اور کرسی پرستوں کے گروہ کا حصہ نہیں بن سکتے۔میاں نواز شریف نے انیس سو نناوے کے پاکستان کو موجودہ پاکستان سے ہزار گنا بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال میں چالیس سال کے برابر قرضے لئے گئے ، انہوں نے پرویز مشرف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی طاقت نے جموریت کی مضبوطی ثابت کر دی ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر عوام نے ان پر ایک بار پھر اعتماد کیا تو ان کے پاس اقتصادی اور توانائی کے بحران کے خاتمے کا ایسا ایجنڈا موجود ہے جس سے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کو نہ ماننے اور عدلیہ کی تضحیک کرنے کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طلب کرنے کی ریکوزیشن دی جائے گی جبکہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکومت مخالف تحریک چلانے کے مشورے پر آئندہ دوچار دنوں میں اس بارے میں نقشہ معلوم کرنے کا علان کر کے مستقبل کی پارٹی حکمت عملی کی طرف اشارہ بھی کر دیا ہے جس کی پارٹی کارکنوں نے بھرپور پذیرائی کی ۔