1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کراچی:رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان،عوام کیلئے پھر امتحان
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ماہ رمضان جہاں عوام کو صبر و برادشت کاسبق ملتا ہے وہاں غریب صارف کو مہنگائی سے بھی نمٹنا پڑتا ہے کیونکہ کراچی کے بازاروں میں رمضان سے پہلے ہی کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ماہ رمضان سے پہلے ہی کراچی شہر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان جاری ہے کراچی ریٹیل گروسرز گروپ کے جنرل سیکرٹری فرید قریشی کے مطابق ہو ل سیل سطح پر گزشتہ 20 روز میں کابلی چنا 126 سے 162 مونگ چھلکا 112 سے 130 ، جبکہ دال چنا 126، 66 سے 74 روپے فی کلو کی سطح پر آگئی۔املی کی قیمتوں میں اضافے نے بھی عوام کے دانت کھٹے کر دیے اور اس کی قیمت چار روپے اضافے کے ساتھ 96 روپے فی کلو کی سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ ثابت مرچوں نے مہنگائی میں مزید تیزی کردی ہے اور نئی ثابت لال مرچ 220سے بڑھ کر ہول سیل سطح پر 320 روپے فی کلو کی سطح پر آگئی۔ اس کے علاوہ سخت گرمی کے باوجود گزشتہ ایک ماہ میں انڈے کی فی درجن قیمت میں 9 روپے اضافہ دیکھا گیا اور یہ 82 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا زور توڑنے کیلئے اب تک حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں دیکھا گیا جو سستی اشیاء کی فراہمی کا سبب بنے۔