1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
زندہ جانور اور گوشت کی برآمد پر تین ماہ کے لیے پابندی
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . ملک میں گوشت کی قیمتوں میں کمی کیلئے زندہ جانور اور گوشت کی برآمد پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے، اس پابندی کا اطلاق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ملکوں پربھی ہوگا۔وزارت تجارت کے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق زندہ جانور اور گوشت کی برآمد سے اسلام آباد میں بکرے اور بھیڑ کے گوشت کی قیمت 271 روپے فی کلو سے بڑھ کر 406 روپے تک جا پہنچی تھی جبکہ گائے اور بیل کا گوشت 154 فی کلو سے بڑھ کر 241 روپے فی کلو تک جا پہنچا تھا۔ پابندی کا مقصد ملک میں موجودہ گوشت کی طلب اور قیمت میں استحکام لانا اور قلت دور کرنا ہے۔ یہ پابندی عید الاضحی تک رہے گی اور رمضان میں سستا گوشت اور عیدالاضحی پر قربانی کے لیے سستا جانور دستیاب ہوسکے گا۔دوسری جانب زندہ جانوروں کی بے لگا م برآمدات سے کراچی کے بازاروں میں گزشتہ ایک سال میں بکرے کی گوشت کی قیمت 440 سے بڑھ کر 540 روپے جبکہ گائے کا گوشت 300 سے 360 روپے فی کلو ہوگیا۔ اس کے علاوہ برآمدات کے باعث مقامی سطح پر جانور مہنگے ہونے سے دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ گزشتہ مالی سال پاکستان نے جولائی سے مارچ تک 95 ہزار 523 جانور برآمد کیے تھے۔