1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
بچت کھاتوں میں 61 ہزار 336 روپے یا زائد رقم پر زکوة کاٹی جائیگی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . وزارت مذہبی امور نے زکوة کا نصاب جاری کردیاہے جس کے تحت یکم رمضان کو کسی بھی بچت کھاتے میں موجود 61 ہزار 336 روپے یا اس سے زائد رقم پر زکوة منہا کرلی جائیگی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ موجودہ سال کے لئے زکوة کا نصاب 61 ہزار 336 روپے رکھا گیاہے۔ یکم رمضان المبارک کوجس بھی بچت کھاتے میں نصاب کے مساوی یا اس سے زائد رقم موجود ہوگی اس پر ڈھائی فیصد کی شرح سے زکوة کاٹ لی جائیگی۔ مگر کرنٹ اکاوٴنٹ کھاتے یا ایسے بچت کھاتے جن کیلئے زکوة ڈکلیریشن فارم جمع کرادیا گیا ہو زکوة کی کٹوتی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ قومی اسمبلی سے 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد اب زکوة صوبائی حکومت کو منتقل ہوگئی ہے، مگر تاحال اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ زکوة کی تقسیم کس طرح سے کی جائے گی۔