1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کے ای ایس سی کو سوئی گیس کی فراہمی میں کمی ،لوڈشیڈنگ مزید بڑھے گی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . بورڈ آف ڈائریکٹرز کے احکامات کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے ای ایس سی کو گیس فراہمی میں 60 ایم ایم سی ایف ڈی کی کمی کردی۔ اگر کے ای ایس سی کی جانب سے ادائیگیاں نہیں کی گئی تو سوئی سدرن گیس اپنے ملازمین کو تنخواہ نہیں دے پائیگی۔سوئی سدرن گیس کمپنی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر زوہیر صدیقی کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے گذشتہ کئی مہینے کے دباوٴ کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کے ای ایس سی کو موجودہ بلز کی مکمل اور فوری طور پر ادائیگی کرنے اور پرانی رقم کی ادائیگی کے طریقہ کار وضع کرنے کا کہا گیا،لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سوئی سدرن پر مالی دباوٴ میں اضافے سے کمپنی ملازمین کی تنخواہوں کی رقم تک نہیں بچے ہیں،جبکہ گیس کی پیدواری کمپنیوں کو ادائیگی بھی مشکلات کا شکار ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ اگر مالی بوجھ میں مسلسل اضافہ جاری رہا تو سالانہ کھاتے منظور نہیں ہو سکیں گے اور کمپنی بیٹھ جائیگی۔اس سلسلے میں کمپنی کی جانب سے گورنر سندھ کو خط ارسال کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں امید ہے کہ وہ آج ہی ملاقات کیلئے طلب کرلیں گے۔ دوسری جانب سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان کا موقف ہے کے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دعوے بے بنیاد ہیں اور گزشتہ 12 ماہ کے دوران ایس ایس جی سی کو21 ارب 40 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی12ماہ کی بلوں کی ادائیگیوں جو 4 ارب 30 کروڑ میں سے صرف 25 کروڑ روپے ہے کے باوجود اسے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔