1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
ادب اور ثقافت سے انتہاء پسندی کے رجحان کو ختم کیا جا سکتا ہے، وزیر اعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز… وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ادب اور ثقافت کو آگے بڑھا کر معاشرے میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے رجحان کو ختم کیا جا سکتا ہے، تمام فنون امن و محبت اور سچائی کے علمبردار ہیں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار قوم سے مکالمہ کے دوسرے سیشن میں ا سٹیج، ڈرامہ، فلم اور فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور ہنرمندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر فنکاروں اور ہنرمندوں سے مختلف امور پر بات چیت کی اور قومی مسائل کے حل میں ان کی تجاویز نوٹ کیں۔ وزیراعظم نے معاشرتی امور میں فنکاروں اور ہنرمندوں کے عظیم کردار کو سراہتے ہوئے فن اور فنکاروں سے اپنے دلی لگاؤ کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے ثقافتی اور فنی ورثہ کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، فنکاروں کی جڑیں عوام میں ہوتی ہیں، ہمارے فنکار عوام سے منسوب ہیں، فنکار، ہنرمند اور آرٹسٹ وہ لوگ ہیں جو اپنے قلم، برش، پینٹ اور اپنی آواز سے معاشرے میں پھیلتی ہوئی بدامنی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سیشن میں لی جانے والی تجاویز کو 14 اگست کی تقریر میں شامل کیا جائے گا اور انہیں مجموعی پالیسی کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر نصاب تعلیم اور تعلیمی کانفرنس کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔