1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
پیپلزپارٹی کی امن ریلی کا خیرمقدم،عوام بھرپورشرکت کریں،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کراچی میں امن واستحکام کیلئے امن ریلی کے انعقاد کا خیرمقدم کیا ہے اور ایم کیوایم کے کارکنان وعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپورشرکت کرکے امن ریلی کو کامیاب بنائیں ۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ کراچی سمیت ملک بھر میں پیار ،محبت، احترام انسانیت، ایک دوسرے کو تسلیم کرنے ، بھائی چارے اورامن واستحکام کی خاطر پیپلزپارٹی کی جانب سے امن ریلی کا انعقاد خوش آئند ہے اور ایم کیوایم اس قدم کا پرجوش خیرمقدم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ، پاکستان کا معاشی حب ہے اور کراچی میں امن واستحکام کی بہتر فضاء پاکستان بھر کیلئے بہتر ثابت ہوگی ۔ ایم کیوایم ، امن پسند جماعت ہے اور امن واستحکام کیلئے جس سیاسی جماعت کی جانب سے مثبت پیش رفت کی جائے گی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے قدم اٹھایاجائے گا ایم کیوایم ان کے شانہ بشانہ ہوگی ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران ، کارکنان اور حق پرست عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ کراچی سمیت ملک بھر میں امن واستحکام کیلئے امن ریلی میں بھرپورشرکت کریں اور امن ریلی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں ۔آخر میں الطاف حسین نے کہا کہ ہم شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عقیدت مند ہیں جنہوں نے ہمیشہ احترام انسانیت اور امن وسلامتی کا پیغام دیا ہے اور ہم شاہ شائیں کے اس پیغام کو عام کرتے رہیں گے کہ: سائم سدائیں کری متھے سندھ سکار،دوست مٹھا دلدار عالم سب آباد کرے۔