1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
اندرْسون سندھ جیواورجنگ کے دفاترپرحملے قابل مذمت ہیں، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں بعض عناصرکی جانب سے جیوٹی وی اورجنگ گروپ کے دفاترپرحملوں،توڑپھوڑ،دفاترمیں موجودصحافیوں،دیگرعملے اورہاکروں کو تشددکانشانہ بنانے کے واقعات کی شدیدمذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کسی بھی ٹی وی چینل یااخبارمیں شائع ہونے والی کسی بھی رپورٹ یاتجزیہ سے اختلاف کرنے اوراس پر اپنانکتہء نظرپیش کرنے کاحق ہرایک کوحاصل ہے لیکن اس کی بنیاد پر اس ٹی وی چینل یااخبار کے دفاترپرحملہ کر نا، عملے اورصحافیوں اورہاکروں کوتشددکانشانہ بنانے کے عمل کوکسی بھی طرح درست اورجائزقرارنہیں دیاجاسکتا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ روزکراچی میں کٹی پہاڑی کے علاقے میں شرپسند عناصر نے نجی ٹی وی کی وین پرحملہ کرکے اسے آگ لگادی تھی اوراندرون سندھ جیوٹی وی اورجنگ گروپ کے عملے اورصحافیوں کوتشددکانشانہ بنایاجارہاہے۔رابطہ کمیٹی نے ان واقعا ت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ واقعات انتہائی قابل مذمت اورآزادی ء صحافت پر قدغن لگانے کے مترادف ہیں۔رابطہ کمیٹی نے صحافی برادری سے مکمل یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ صحافیوں کوتشددکانشانہ بنانے کے واقعات کافوری نوٹس لیاجائے ، ان واقعات میں ملوث افرادکے خلاف کارروائی کی جائے اورٹی وی چینلز اور اخبارات کے صحافیوں اورعملے کوتحفظ فراہم کیاجائے ۔