1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
چیمپئنز ٹرافی سمیت 4 ٹورنامنٹ کی بھارت سے میزبانی واپس لے لی گئی
جنگ نیوز -
ایمسٹرڈیم…ہاکی کی عالمی تنظیم ایف آئی ایچ نے بھارت میں دو فیڈریشنوں کے انضمام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بھارت سے چیمپئنز ٹرافی سمیت آئندہ چار سال کے دوران ہونیوالے تمام بڑے ایونٹس کی میزبانی واپس لے لی ہے۔ایف آئی ایچ کے بیان میں بھارت کی دو فیڈریشنوں کے درمیان معاہدے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہاکی انڈیا نے انڈین ہاکی فیڈریشن سے مذاکرات اور معاملات سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کوبے خبر رکھا، یہ ایف آئی ایچ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے کہ کوئی فیڈریشن اپنے مفادات کی خاطر اختیارات اور اثاثے ایک اور باڈی کے ساتھ تقسیم کرے۔ اس سلسلے میں ایف آئی ایچ نے بھارت کی اسپورٹس منسٹری کو بھی خط لکھا ہے کہ وہ اپنی حتمی رائے سے عالمی تنظیم کو آگاہ کریں۔ موجودہ صورتحال میں ایف آئی ایچ آئندہ چار سال تک بھارت کو کسی ایونٹ کی میزبانی نہیں دے گا ، اس کے علاوہ اْس سے چیمپئنز ٹرافی دو ہزار گیارہ اور دو ہزار بارہ میں ہونے والے مینز او ویمنز اولمپک کوالیفائرز کی میزبانی بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔