1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات ،مزید 3 افراد قتل
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں مزید 3 افراد کو قتل کردیا گیا، دوسری جانب نیو کراچی میں کشیدگی کے بعد پولیس نے گھروں اور مذھبی تنظیموں کے دفاتر کی تلاشی بھی لی۔پولیس کے مطابق رنچھوڑ لائن میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 35 سالہ پولیس اہلکار عبدالرحیم کو قتل کردیا، گارڈن سے ایک شخص کی ہاتھ پاوٴں اور آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی لاش ملی ہے،،نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں فائرنگ سے زخمی شخص اسپتال میں چل بسا، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے،جس کے پیش نظررات گئے پولیس نے مذھبی تنظیم کے دفتروں اور مشتبہ گھروں کی تلاشی لی اور اضافی نفری تعینات کردی ہے۔گذشتہ روز شارع فیصل پر ایک گاڑی پر فائرنگ سے گاڑی میں موجود دو وکلا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ہلاک شدگان کے نام فہیم ریاض صدیقی اور محمد سلیم بھٹی ہیں اور واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ لگتا ہے۔ وکلا کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف وائس چیرمین سندھ بار کونسل افتخار جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ آج سندھ بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا،جبکہ جنرل سیکریٹری کراچی بار حیدر امام رضوی کے مطابق سٹی کورٹ میں تین روز تک عدالتوں کا بائی کاٹ ہوگا۔جمعہ کو مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید 9 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔