1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
جنگ اور جیو کے دفاتر پر حملوں کے خلاف صحافی تنظیموں کا احتجاج
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کی تمام صحافتی تنظیموں نے جیونیوز کے دفاتر پر حملوں ، کیبل پر بندش اور روزنامہ جنگ کے بنڈل جلانے کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پرحملہ قرار دیا ہے، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی،کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز،پاکستان فیڈریشن یونین آف جرنلسٹس،کراچی یونین آف جرنلسٹ اور ایسوسی ایشن آف ٹی وی جرنلسٹ پاکستان سمیت دیگر صحافتی تنظیموں نے سندھ کے مختلف شہروں میں جیونیوز کے ایک پروگرام کے خلاف ردعمل میں تشدد، صحافیوں اورچینل اور اخبارات کو نقصان پہنچانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اے پی این ایس کی جانب سے میڈیا کو ہراساں کرنے کیلئے غنڈہ گردی،تشدد اور اخبارات کی کاپیاں چھیننے اور جلانے کے عمل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔سی پی این ای کے صدر جمیل اطہر قاضی،سیکرٹری جنرل الیاس شاکر و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اندرون سندھ میں چند مٹھی بھر عناصر کی جانب سے روزنامہ جنگ سمیت اردو اخبارات کی ترسیل و فروخت میں رکاوٹ کی شدید مذمت کی ہے۔پی ایف یوجے نے سندھ میں جیو ٹی وی اور اسکے کارکنوں پر حملے کو ناقابل برداشت قرار دیا۔ کے یوجے کے جنرل سیکریٹری حسن عباس، صدر سراج احمد ، ایسو سی ایشن آف ٹیلی ویڑن جرنلسٹ کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے اس عمل کو آزادی صحافت کے خلاف حملہ قراردیا ہے۔بیانات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی پروگرام پر اعتراض ہے تو اس پراپنی رائے کا اظہار کریں۔صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی سے روکنا کسی طرح بھی درست نہیں ۔صحافتی تنظیموں نے اپیل کی ہے کہ سندھ کی تمام جماعتیں آزادی اظہار اور رائے کا احترام کریں۔کے یو جے دستوری نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت صحافیوں کو ٹارگٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اخبارات کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرے، ساوٴتھ ایشین فری میڈیاایسوسی ایشن اور میڈیا کمیشن آف پاکستان نے بھی سندھ میں جیو ٹی وی کے عملے اور دفاتر پر حملے اور روزنامہ جنگ کی کاپیاں نذر آتش کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔