1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
ملک میں سونا52ہزار4 سو روپے فی تولہ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
جنگ نیوز -
کراچی...ملکی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی قیمتیں52ہزار چار سو روپے فی تولہ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے جیونیوز کو بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں ہفتے کو سونے کی قیمتیں 13 ڈلر اضافے کے ساتھ1627 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ہفتے کو مقامی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی فی تولہ قیمت تین سو روپے اضافے کے ساتھ 52 ہزار 400 روپے اور دس گرام قیمت 257 روپے اضافے کے ساتھ 44 ہزار 914 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ حاجی ہارون رشید چاند نے بتایا کہ عید الفطر کی آمد کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی طلب مزید بڑھ جائے گی جس کی وجہ سے سونے کی قیمتیں مقامی سطح پر 55 ہزار فی تولہ کو بھی عبور کرسکتی ہیں۔