1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
سنکیانگ میں دھماکے کرنیوالوں نے پاکستان میں تربیت حاصل کی، چین
جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ …امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق چین میں ہونے والے بم دھماکوں کا الزام چینی حکومت نے مسلمان انتہا پسندوں پر لگایا ہے جنہوں نے پاکستان میں تربیت حاصل کی۔ چین کے شمال مغربی خطے سنکیانگ میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں گیارہ افراد جاں بحق ہوئے۔ امریکی اخبار کے مطابق چینی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ بم دھماکوں میں مسلمان انتہا پسندملوث ہے جنہوں نے پاکستان میں موجود کیمپس سے تربیت حاصل کی۔پاکستان اور کرغستان سرحد پر واقع شہر کاشغر کی حکومت نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بم دھماکے میں استعما ل ہونے والا دھماکا خیزمواد اور اسلحہ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ سے حاصل کیا گیا۔شہری حکومت کے مطابق یہ معلومات حملہ آور کے اقبال جرم سے حاصل ہوئی۔بم حملے میں چار حملہ آوروں کو موقع پر ہی ہلاک کردیا گیا تھا اور ایک نے ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیاجبکہ حکومت نے دو مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں جو اس حملے کے بعد فرار ہوئے۔پولیس نے ا ن کی اطلاع دینے والے کے لیے ایک لاکھ یوآن(15540ڈالر) کے انعام کا اعلان کیا ہے۔