1 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:36
حکمرانوں نے دل سے کبھی موجودہ عدلیہ کو تسلیم نہیں کیا، نواز شریف
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ نون نے عدلیہ سے اظہاریکجہتی کے لئے پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز پر راجاظفرالحق کی سربراہی میں جائزہ کمیٹی بنادی ہے مسلم لیگ نون کی پارلے مانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں پارلے منٹ ہاوٴس کی عمارت میں نوازشریف کی زیر صدارت ہوا ، اس سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ ہمیں حکومت کو ٹف ٹائم دینا چاہیئے، اب کسی مصالحت کا شکار نہیں ہونا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کے حق میں ہیں لیکن اس معاملے میں حکمرانوں کی نیت میں فتور ہے ، اجلاس میں پارٹی رہنماء سردار مہتاب نے کہا کہ ہم نے اپنا کردار ادا نہیں کیا اس لئے حکمرانوں کی کرپشن میں ہم بھی ذمہ دار ہیں، اجلاس میں عدلیہ سے اظہاریکجہتی کے لئے پارلے منٹ میں قرارداد لانے پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ یہ قرارداد آج ہی قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی، بعد میں میڈیا کو بریفنگ میں نوازشریف نے کہا کہ قومی اسمبلی کو عدلیہ کیخلاف حکومت کی ڈھال کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے دل سے کبھی موجودہ عدلیہ کو تسلیم نہیں کیا ، اب کچھ بھی ہوملک کو موجودہ کیفیت سے باہر نکالا جائے گا۔